Court Order

منظورپشتین کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، جیل بھیجنے کا حکم

اسلام آباد: جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر چوہدری نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما منظور پشتین کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں منظورپشتین کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر منظورپشتین کو جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر چوہدری کی عدالت پیش کیاگیا.

پولیس نے منظورپشتین کو تھانہ ترنول میں درج مقدمے میں پیش کرکے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے منظورپشتین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

منظور پشتین کے وکیل کی جانب سے درخواستِ ضمانت دائر کردی گئی۔ عدالت نے درخواستِ ضمانت پر فریقین کو 2 جنوری کے لیے نوٹس جاری کردیا۔