بانیٔ پی ٹی آئی کی نااہلی کیخلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری

لاہور ہائی کورٹ نے بانیٔ پی ٹی آئی کی نااہلی کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا۔

پی ٹی آئی کے دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف درخواست پر بھی فریقین کو نوٹس جاری کر کے عدالت نے سماعت ملتوی کر دی۔

لاہور ہائی کورٹ میں بانیٔ پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں نااہلی اور انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف درخواستوں پر جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے سماعت کی۔

عدالت میں جسٹس شاہد بلال نے کہا کہ عدالت کیس کو باقاعدہ سننے سے پہلے دائر اختیار کا فیصلہ کرے گی، الیکشن کمیشن کی جانب سے کون پیش ہوا ہے۔

اس پر ایسوسی ایٹ وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل چھٹی پر ہیں۔

جسٹس شاہد بلال نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل کی عدم موجودگی میں کیس سننا مناسب نہیں ہو گا۔

سماعت کے دوران بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لیے 8 فروری کی تاریخ دے رکھی ہے۔

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ ہم نااہلی کیس میں فریقین کو نوٹس کر کے سن لیتے ہیں، درخواست پر سماعت کا اختیار لاہور ہائی کورٹ کا ہے۔