Sukuk Bonds

سکوک بانڈز کے ذریعے حکومتی توقعات سے 16گنا زیادہ سرمایہ فراہم

کراچی: سرمایہ کاروں نے اجارہ سکوک بانڈز کے ذریعے حکومتی توقعات سے 16گنا زیادہ سرمایہ فراہم کردیا۔

حکومت نے اجارہ سکوک بانڈز کی نیلامی کے ذریعے 30 ارب ڈالر کا سرمایہ اکٹھا کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا، لیکن پہلے ہی روز 479 ارب روپے جمع ہوگئے، یہ غیر سرکاری اعداد و شمار پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے کی گئی نیلامی کے ہیں، جو کہ اس سے قبل اسٹیٹ بینک میں کی جاتی تھی۔

دو نمایاں ریسرچ ہاؤسز کا کہنا ہے کہ ایک سالہ سکوک بانڈز پر سود کی شرح 20 فیصد سے کم ہوگی، اگر یہ سچ ہے تو یہ شرح ایک سالہ ٹی بلز کی اوسط شرح 22 فیصد سے کم ہے۔

کرنسی مارکیٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نیلامی نے بانڈ مارکیٹ میں بینک کی اجارہ داری کو ختم کر دیا ہے، اب وہ بھاری منافع جو بینک لے رہے تھے، عام آدمی بھی حاصل کرسکے گا، کیوں کہ اسٹاک مارکیٹ کم از کم 5 ہزار روپے کے عوض بانڈ فراہم کر رہی ہے۔

نیلامی میں شریک ایک بینکر نے کہا کہ نیلامی میں 369 ارب روپے جمع ہوئے ہیں، جو کہ 13 گنا زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے جمعے کی صبح پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سکوک بانڈز کی نیلامی کا آغاز کیا، نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔