بھارت سے دبئی جانے والے مسافر طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

کراچی: بھارت سے دبئی جانے والے مسافر جہاز کی میڈیکل ایمرجنسی کی بنیاد پر کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر احمد آباد سے دبئی کے لیے اڑان بھرنے والی پرواز ایس جی 15 میں مسافر کو دل کا دورہ پڑا، جس پر پائلٹ نے ایئرٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کر کے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔

پائلٹ کے عذر بتانے اور ایمرجنسی کی صورت میں جہاز کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترنے کی اجازت دی گئی۔ رات ساڑھے نو بجے طیارے نے کراچی میں لینڈنگ کی۔

ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ احمد آباد سے دبئی جانے والے مسافر کو ہارٹ اٹیک کے باعث پائلٹ کی جانب سے ایمرجنسی لینڈنگ کی درخواست کی گئی۔ جس پر ایئر ٹریفک کنٹرول کراچی نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر لینڈنگ کی اجازت دی۔

بعد ازاں پاکستان سول ایوی ایشن کی میڈیکل ٹیم نے 27 سالہ بھارتی مسافر کو ہنگامی طبی امداد دی تو اُس کی طبیعت سنبھل گئی۔ ڈاکٹرز کے مطابق شوگر کم ہونے کی وجہ سے طبیعت خراب ہوگئی تھی۔

مسافروں اور ایئر لائن انتظامیہ نے سول ایوی ایشن میڈیکل ٹیم کا شکریہ ادا کیا بعد ازاں بھارت کی نجی ایئر لائن کی پرواز دبئی روانہ ہوئی۔