اسرائیل نے غزہ میں الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر کو گرفتار کرلیا

غزہ: غزہ کے اسپتالوں پر وحشیانہ بمباری کرنے والی اسرائیلی فورسز نے الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر کو گرفتار کرلیا۔

عرب میڈیا کے مطابق الشفا اسپتال کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے الشفا اسپتال کے ڈائریکٹرمحمد ابو سالمیہ کو گرفتار کرلیا۔ اسرائیلی فورسز الشفا اسپتال پر بمباری بھی کرچکی ہیں اور گزشتہ دنوں اسپتال پر ٹینکوں سمیت دھاوا بول کر اسپتال میں موجود افراد کو بدترین تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا۔

دوسری جانب اسرائیل نے حماس کے ساتھ غزہ میں عارضی جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کل تک موخر کردیا۔اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس سے کیے گئے 4 روزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت آج سے فلسطینی اور اسرائیلی یرغمالیوں کا تبادلہ ہونا تھا تاہم اسرائیل نے معاہدے پر عمل درآمد کل تک موخر کردیا ہے۔

اسرائیل کی قومی سلامتی کے مشیر زاچی ہنیگبی نے بیان میں کہا کہ غزہ میں یرغمال بنائے گئے کسی بھی شخص کو جمعہ سے پہلے رہا نہیں کیا جائے گا۔

اسرائیلی اخبار کا دعویٰ ہے کہ حماس کی جانب سے اب تک ان قیدیوں کی فہرست مہیا نہیں کی گئی جنہیں رہا کیا جانا ہے۔ قیدیوں کی رہائی کا حتمی معاہدہ ہونے تک سیز فائر نہیں ہوگا۔

حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیل 150 فلسطینی خواتین اور بچوں کو رہا کرے گا جبکہ حماس کی جانب سے 50 یرغمالی خواتین اور بچوں کو رہا کیا جائے گا۔ حماس اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں غزہ کیلئے انسانی امداد اور ایندھن کی فراہمی کا شرط بھی شامل ہے۔