Israeli Tank

اسرائیل کی پہلے اسپتال پر بمباری پھر ٹینکوں سے حملے کی تیاری

غزہ: اسرائیل نے غزہ میں انڈونیشیا کے زیرِ انتظام اسپتال پر وحشیانہ بمباری کی جس میں 12 مریض شہید ہوگئے اور بعد ازاں ٹینکوں نے ایک بڑے سرچ آپریشن کے لیے اسپتال کو چاروں طرف سے گھیر لیا۔

الجزیرہ نیوز کے مطابق اسرائیلی نے غزہ میں ایک اسپتال کو فضائی بمباری کا نشانہ بنایا جس کے بعد اسپتال کے احاطے میں اسرائیلی ٹینک داخل ہوکر مورچہ زن ہوگئے۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس اسپتال کے نیچے حماس نے اپنا خفیہ ٹھکانہ بنا رکھا ہے اور وہاں جنگجو پناہ لیے ہوئے ہیں جب کہ اسپتال کے زیر زمین سرنگ میں اسرائیلی یرغمالیوں کو بھی رکھا گیا ہے۔

تاہم اسرائیل اپنے اس دعوے کے شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا جب کہ اسپتال پر بمباری میں شہید ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ اسپتال سے اسرائیلی فوج پر حملے کے بھی کوئی ثبوت نہیں ملے۔

یہ بھی پڑھیں : چین غزہ میں جنگ بندی کیلیے کردار ادا کرنے پرتیار

خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسرائیلی ٹینکوں کے اسپتال کا محاصرہ کرنے کے بعد سرچ آپریشن کیا جائے گا اور جعلی اسلحہ و گولی بارود کی برآمدگی کا ڈراما رچا کر اسرائیل اپنے حملوں کو درست ثابت کرنے کی کوشش کرے گا۔