جشن آزادی، مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب

یومِ آزادی کے موقع پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار اور لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد تھے۔

کمانڈنٹ کموڈور محمد خالد نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی۔

پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھال لیے۔

دوسری جانب لاہور میں مزار اقبال پر پاک فوج کے دستے نے رینجرز سے گارڈز کی ذمے داریاں لیں، دونوں دستوں نے مصور پاکستان کو سلامی پیش کی۔

میجر جنرل قیصر سلیمان، گیریژن کمانڈر لاہور نے مزارِ اقبال پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیرِ اعلیٰ اور گورنر سندھ کی مزار قائد پر آمد
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یومِ آزادی کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ان کا استقبال کیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی مزار قائد پہنچے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ نے مزار قائد پر پاکستان کا پرچم لہرایا۔

مزار قائد پر اسکول کے بچوں اور سول سوسائٹی کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔