Senate of Pakistran

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اپنی سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اپنی سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وہ بلوچستان عوامی پارٹی ( بی اے پی ) کی رکنیت سے بھی استعفی دے دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انوارالحق کاکڑ نے غیرجانبداری کو برقرار رکھنے کیلئے سینیٹ اور پارٹی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سے قبل نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم بننے کا خیرمقدم کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں کا شکر گزار ہوں۔

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور سرفرازبگٹی نے نگران وزیراعظم سے پنجاب ہاؤس میں ملاقات کی جبکہ اس موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آپ کے نگران وزیراعظم بننے کا مجموعی خیرمقدم کیا گیا ہے۔

اس موقع پر انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ جن شخصیات نے میرے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ان کامشکور ہوں، اللہ نے جو ذمہ داری سونپی ہے اس پرپورا اترنے کی توفیق دے۔

یاد رہے کہ انوارالحق کاکڑپاکستان کے 8 ویں نگراں وزیراعظم بنے ہیں جو 14 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑکون ہیں

انوارالحق کاکڑکا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے، انوارالحق کاکڑ2002 میں ن لیگ کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا،ناکام رہے ، 2015 میں نواب ثناٗ اللہ زہری کی حکومت آئی تو اس میں ترجمان بلوچستان حکومت بنے۔

بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹرانوارالحق کاکڑ 2018 میں سینیٹر منتخب ہوئے۔