Sindh Assembly

نگراں وزیراعلیٰ سندھ کے معاملے پر وزیراعلیٰ اوراپوزیشن لیڈر کی دوسری ملاقات بھی بے نتیجہ

کراچی: سندھ میں نگراں وزیراعلی کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان دوسری ملاقات بے نتیجہ رہی۔ دونوں کے درمیان نگراں وزیراعلی سندھ کے نام پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اورتحلیل شدہ سندھ اسمبلی کی اپوزیشن لیڈر رعنا انصار کے درمیان اتوار کو کراچی میں ون ٹو ون دوسری ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے وزیر اعلی مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر نے منتخب کردہ نام ایک دوسرے کے سامنے رکھے۔ دونوں کے درمیان نگراں وزیر اعلی کے ناموں پر قیادت سے مشاورت کرنے پر اتفاق ہوا۔ اپنی اپنی جماعتوں کی قیادت سے مشاورت کے بعد دونوں کے درمیان دوبارہ ملاقات ہوگی۔

مراد علی شاہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے رعنا انصار نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سے نگران وزیر اعلیٰ کے نام پر مشاورت کا دوسرا دور تھا لیکن نام زیادہ ہونے کی وجہ سے مشاورت پر وقت درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ جتنے مائیک میرے سامنے ہیں نگران وزیر اعلیٰ کے لیے سید مراد علی شاہ کی طرف سے اتنے نام تجویز کیے گئے ہیں، جو اعلیٰ قیادت کے سامنے رکھے جائیں گے اور ان سے مشاورت کے بعد ہی آگے بڑھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تجویز کیے گئے ناموں میں سے کسی ایک پر پیر تک اتفاق ہونے کا امکان ہے، کوشش ہے کہ اتفاق ہو جائے لیکن پیر تک نام پر اتفاق نہیں ہوتا تو یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجا جائے گا۔

وزیراعلی ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا کہ نگراں وزیر اعلی کے لیےکافی نام زیر غور آئے ہیں۔ ابھی کوئی بھی حتمی نام سامنے نہیں آیا ہے، پیر کو دوبارہ بیٹھک ہوگی، پیر تک ہمارے پاس مشاورت کا وقت ہے، کوشش کریں گے کسی نام پر اتفاق رائے ہوجائے۔

نگراں وزیراعظم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر شاہ نے کہا کہ نگراں وزیراعظم باہر سے نہیں آئے ہیں۔ وہ اسی ملک کے ہیں اور اچھی شہرت کے مالک ہیں۔