پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں صحت کارڈ پر دل کے آپریشن معطل

پشاور: انشورنس کمپنی سے ادائیگی نہ ہونے پر پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں صحت کارڈ پر دل کے آپریشن معطل کردیے گئے۔

پی آئی سی میں دو روز سے دل کے آپریشنز معطل ہیں جس کے سبب آپریشن کے منتظر امراض قلب کے مریض اور ان کے اہل خانہ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

ترجمان پی آئی سی رفعت انجم کا کہنا ہے کہ دل کے ایلکٹو آپریشنز معطل ہیں صرف ایمرجنسی آپریشنز کیے جارہے ہیں، یومیہ 70 تک انجیو گرافی، انجیوپلاسٹی جبکہ 8 اوپن ہارٹ سرجریز ہوتی ہیں، انشورنس کمپنی کے ذمہ ایک ارب 20 کروڑ روپے کے بقایا جات ہیں، بقایاجات نہ ملنے کے باعث سرجریز کے سامان کی خریداری متاثر ہو رہی ہے۔

صحت کارڈ پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹرریاض تنولی نے کہا کہ پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے مطابق صحت سہولت کارڈ کے ریٹس ناکافی ہیں، ریٹس سے متعلق پالیسی اور فنڈز پر نظرثانی کے لیے پالیسی بورڈ کا اجلاس ناگزیر ہے، نگران وزیر صحت نے اس حوالے سے آج اجلاس طلب کیا ہے جس میں اس حوالے سے بات کی جائے گی۔