Senate of Pakistran

سینیٹ اجلاس؛ گیس چوری پر قابو، ٹریڈ مارکس سمیت کئی ترمیمی بلز منظور

اسلام آباد: سینیٹ اجلاس میں گیس چوری پر قابو، ٹریڈ مارکس سمیت متعدد ترمیمی بلز منظور کرلیے گئے۔

چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت آج سینیٹ کا اجلاس ہوا، جس میں متعدد بلز منظور کرلیے گئے جب کہ سینیٹر عرفان صدیقی نے ہائیر ایجوکیشن ترمیمی بل پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے سے معذرت کرلی۔

اجلاس میں گیس چوری پر قابو اور ریکوری بل کی منظوری کے موقع پر اپوزیشن کے سینیٹرز نے چیئرمین ڈائس کا گھیراؤ کرلیا۔ بعد ازاں گیس چوری پر قابو اور ریکوری ترمیمی بل 2023ء سینیٹ سے منظور ہوگیا۔

سینیٹ اجلاس میں منظور ہونے والے دیگر بلز میں فیڈرل اجُردو یونیورسٹی آف آرٹس ،سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ترمیمی بل 2023ء، ٹریڈ مارکس ترمیمی بل 2023ء، انضباط درآمدات و برآمدات ترمیمی اور نشانات تجارت ترمیمی بل 2023ء شامل ہیں۔ علاوہ ازیں حج عمرہ ریگولیشن بل 2023ء اور پاکستان رویت ہلال بل 2023ء اور امیگریشن ترمیمی بل 2023ء کی بھی سینیٹ سے منظوری ہو گئی۔

اجلاس میں رضا ربانی اور کامران مرتضی بھی شریک ہوئے۔

وزیرہوابازی خواجہ سعد رفیق نےسینیٹ اجلاس میں تبدیلی پاکستان بین الاقوامی ایئر لائن کارپوریشن ترمیمی بل پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر پی آئی اے کو اس حال میں چھوڑا گیا تو قرضے مزید بڑھیں گے۔ حالت یہ ہے کہ قرضہ ادا کرنے کے لیے بھی قرضہ لینا پڑ رہا ہے۔ اگر یہی صورتحال رہی تو پی آئی اے ڈوب جائے گا۔

اجلاس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ باجوڑ معاملے پر وزیر اعظم سے بات کی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر شہدا کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے فی کس، شدید زخمیوں کو 7 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔

اجلاس کے دوران وزارتِ خارجہ نے تحریری جواب میں بتایا کہ ڈاکٹر عافیہ کے مقدمے کے لیے 18 لاکھ 50 ہزار ڈالرز فیس ادا کی گئی۔چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ محسن عزیز نے کہا کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ ترمیمی بل کے لیے مزید 4 روزکی توسیع دی جائے، جس پر سینیٹ نے بل کے لیے 4 روز توسیع کردی۔

دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کنٹونمنٹس (ترمیمی) بل 2023 ء کی منظوری دے دی ۔ بل کا مقصد کنٹونمنٹس ایکٹ 1924 ء میں ترمیم کرنا ہے ۔ صدر مملکت نے بل کی منظوری آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت دی