کینیڈا میں مچھلی کے شکار کے دوران خاندان ڈوب گیا؛ 4 بچوں سمیت 5 ہلاک

اوٹاوا: کینیڈا کے ساحل پر مچھلی کے شکار کے لیے سمندر جانے والی ایک کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں 11 افراد ڈوب گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کیوبک کے ساحل پر ایک خاندان کے افراد کشتی پر سوار ہوکر سمندر میں مچھلی کے شکار کے لیے نکلے لیکن اس دوران حادثے کا شکار ہوگئے۔

کشتی بھپری ہوئی لہروں اور ہواؤں کے تیز تھپیڑوں کا مقابلہ نہ کرسکی اور الٹ گئی۔ ریسکیو آپریشن کے دوران سمندر سے 6 افراد کو زندہ نکال لیا گیا جب کہ 4 بچوں کو مردہ حالت میں نکالا گیا۔

ایک 30 سالہ شخص لاپتہ تھا جس کی بعد میں لاش مل گئی۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ موسم کی خرابی کے باوجود حفاظتی اقدامات کے بغیر سمندر میں جانے کو حادثے کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ آسٹریلوی ساحلوں میں شارک یا وہیل کے حملوں میں بھی تیراکوں کی ہلاکت کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد سے کئی ساحلوں پر شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔