اسٹیٹ بینک نے کریڈٹ کارڈز کی ادائیگیوں کے لیے ڈالر خریدنے کی اجازت دے دی

کراچی: اسٹیٹ بینک نے زرمبادلہ کے مجاز ڈیلرز کو کریڈٹ کارڈز کی ادائیگیوں کے لیے انٹربینک سے ڈالر خریدنے کی اجازت دے دی۔

اسٹیٹ بینک کے ایکسچینج پالیسی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ سرکلر کے مطابق اسٹیٹ بینک نے کریڈٹ کارڈ ہولڈرز کو بیرونی ادائیگیوں کے لیے بینکوں سے ڈالر خریدنے کی اجازت دے دی ہے،انٹر بینک ریٹ سے انٹرنیشنل پیمنٹس کی اجازت آئندہ دو ماہ کے لیے دی گئی ہے۔

بینکوں پر پابندی کے باعث کریڈٹ کارڈز کی ادائیگیاں اوپن مارکیٹ سے کی جارہی تھیں تاہم اب کریڈٹ کارڈز کی سیٹلمنٹ 31 جولائی تک انٹربینک کاؤنٹر سے کی جا سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اسٹیٹ بینک کے فیصلے سے ملکی زرمبادلہ ذخائر پر دبائو آئے گا جس کے نتیجے میں انٹر بینک میں ڈالر کی طلب میں اضافہ اور اوپن مارکیٹ میں کمی ہوگی۔ فیصلے سے انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت کا فرق کم ہوگا۔