G20 Countries

بھارت کی سبکی؛ چین کا مقبوضہ کشمیر میں جی 20 سمٹ میں شرکت سے انکار

بیجنگ: چین نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں منعقد ہونے والے جی 20 ٹورازم سمٹ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کا حصہ نہیں بنے گا۔

غیرملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارت رواں برس جی 20 کی صدارت کرنے کے لیے تیار ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے کہا کہ چین متنازع علاقے (مقبوضہ کشمیر) میں کسی بھی قسم کے جی 20 اجلاسوں کے انعقاد کا سختی سے مخالف ہے اور اس طرح کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کرے گا۔

خیال رہے کہ جی 20 سربراہی اجلاس مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں منعقد ہوگا، جس میں جی 20 ممبران کے سیاحتی ورکنگ گروپ کی میزبانی کی جائے گی اور 22 سے شروع ہونے والا اجلاس 24 مئی تک جاری رہے گا۔

دوسری جانب تحفظات کا جواب دیتے ہوئے بھارت نے کہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر اجلاس منعقد کرنے کے لیے آزاد ہے۔ اس نے کہا کہ چین کے ساتھ معمول کے تعلقات کے لیے اس کی سرحد پر امن و سکون ضروری ہے۔

بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر دیا تھا۔ 2020 میں دونوں ممالک کے تعلقات اس وقت کشیدہ ہوئے جب لداخ میں ایک فوجی جھڑپ ہوئی جس میں 24 فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

پاکستان نے بھی مقبوضہ کشمیر میں اجلاس منعقد کرنے کے نئی دہلی کے فیصلے کی بھی مخالفت کی ہے۔