ترک انتخابات، ووٹوں کی گنتی جاری، رجب طیب اردوان کو برتری

ترکیہ میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کیلئے پولنگ ختم ہو گئی جبکہ ووٹنگ کی گنتی جاری ہے جس میں ترک صدر رجب طیب اردوان کو برتری حاصل ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق صدارتی انتخاب میں ترک صدررجب طیب اردوان اور اپوزیشن رہنما کمال قلیچ داراوغلو کے درمیان سخت مقابلہ چل رہا ہے۔

6 کروڑ 6 لاکھ 97 ہزار 843 رجسٹرڈ ووٹروں نے 28 ویں مدت کی پارلیمنٹ کے لیے منعقدہ عام انتخابات میں 24 سیاسی پارٹیوں اور ترکیہ بھر سے 151 آزاد امیدواروں نے حصہ لیا۔

ترک میڈیا کے مطابق صبح آٹھ سے شام پانچ بجے تک 88فیصد سے زائد ووٹرز نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ پولنگ مکمل ہونے تک پراپیگنڈا خبروں اورنشریات پر پابندی رہی۔

ترکیہ کی سپریم الیکشن کونسل کے چیئرمین احمد ینر کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پارلیمان کی 600 نشستوں کے لیے 24 پارٹیاں اور 151 آزاد امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

ترک میڈیا کے مطابق اس وقت ووٹوں کی گنتی جاری ہے، ووٹوں کی ابتدائی گنتی میں ترک صدر رجب طیب اردوان کو 52.70 فیصد ووٹ لیکر برتری حاصل ہے، ان کے مد مقابل اپوزیشن اتحاد کمال قلیچ داراوغلو 41.39 فیصد ووٹ لیکر پیچھے ہیں۔

ترک میڈیا کے مطابق صدارتی امیدوار کو کامیابی کے لیے 50 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔

انتخاب سے قبل ترک صدر اور ان کے حامیوں نے تاریخی آیا صوفیہ مسجد میں نماز ادا کی اور کامیابی کی دعائیں مانگی۔

رپورٹ کے مطابق اگر فیصلہ نہ ہوسکا تو زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدواروں کے درمیان 28 مئی کو دوبارہ مقابلہ ہوگا۔ ترکیہ اور ترکیہ سے باہر مقیم تقریباً ساڑھے چھ کروڑ سے زائد ووٹرز رائے شماری میں حصہ لے رہے ہیں.