سعودی عرب نے ایران میں سفیر مقرر کردیا

ریاض : (ویب ڈیسک ) سفارتی تعلقات بحال ہونے پر سعودی عرب نے ایران میں اپنا نیا سفیر مقرر کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کا کہنا ہے کہ ایران بھی جلد سعودی عرب میں اپنا نیا سفیر تعینات کرے گا۔

دوسری جانب ایران کے وزیر خزانہ احسان خاندوزی کی قیادت میں وفد جدہ پہنچ گیا ہے۔

چین کی ثالثی میں سفارتی تعلقات کی بحالی میں اتفاق کے بعد یہ کسی ایرانی عہدیدار کا سعودی عرب کا پہلا دورہ ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق وفد سعودی حکام کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کرے گا اور اسلامی ترقیاتی بینک کے اجلاسوں میں شرکت کرے گا۔

سعودی عرب اور ایران نے مارچ میں چین کی ثالثی میں ہونے والے معاہدے کے تحت سفارتی تعلقات بحال کرنے پراتفاق کیا تھا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے 2016ء میں تہران میں اپنے سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے پرحکومت کے حامی مظاہرین کے حملے کے بعدایران کے ساتھ تعلقات منقطع کردیے تھے۔