سعودی عرب؛ منشیات کے استعمال پر 18 افراد کو مجموعی طور پر80 برس کی سزا

ریاض: جدہ کی ایک عدالت نے نشہ آور اشیا کے استعمال کا جرم ثابت ہونے پر خواتین سمیت 18 افراد کو سزا سنادی۔

سعودی میڈیا کے مطابق عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کی مجموعی مدت 80 برس تک ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ منشیات کے عادی مجرم ساحل سمندر کے قریب پرآسائش کیبن میں نشہ آور اشیا استعمال کرتے تھے۔

مقامی میڈیا کے مطابق 18 ملزمان میں سے ایک کا تعلق شام جبکہ دیگر 17 کا سعودی عرب سے ہے اور ان میں خواتین بھی شامل ہیں۔ عدالتی فیصلے کے مطابق مجرمان نشہ آور اشیا کے علاوہ غیر اخلاقی سرگرمیوں میں بھی ملوث پائے گئے۔

اس ضمن میں مزید بتایا گیا کہ ملزمان میں خواتین، تاجر، مارکیٹنگ ڈائریکٹر، فارمیسی، نرسنگ اور اسی شعبہ سے تعلق رکھنے والی طالبات شامل ہیں۔ واضح رہے کہ عدالتی فیصلہ 190 صفحات پر مشتمل تھا جبکہ عدالتی کارروائی 125 دن تک جاری رہی۔