پاکستان میں آئین و قانون کی حکمرانی کے مطابق اقدامات کیے جائیں، امریکی وزیر خارجہ

نیویارک: امریکا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری پر ردعمل جاری کردیا۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کرائن جین پیئر نے یومیہ نیوز کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکا پاکستان میں جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کا خواہش مند ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم عمران خان کی گرفتاری سے آگاہ ہے اور اس بات کی وضاحت پہلے بھی کرچکے ہیں کہ امریکا کسی سیاسی جماعت یا امیدوار کی حمایت نہیں کرتا بلکہ دنیا بھر میں جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کا مطالبہ کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد کی صورت حال کے حوالے سے معلومات کے لیے حکومت پاکستان سے رجوع کیا جائے گا۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے برطانوی ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکا اس بات کا خواہش مند ہے کہ جنوبی ایشیا کے تمام ممالک میں قانون کی حکمرانی قائم ہو۔

انہوں نے کہا کہ ’امریکا پاکستان کے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ پاکستان میں آئین و قانون کی حکمرانی کے مطابق اقدامات کیے جائیں، مظاہرین پُرتشدد ہونے کے بجائے آئین میں دیے گئے حق کے مطابق احتجاج کر کے اپنے مسائل کو اٹھائیں جبکہ حکومت بھی مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کرنے کے بجائے قانون کے مطابق اقدامات کرے‘۔