ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 293 روپے تک پہنچ گیا

کراچی: ملک میں امن و امان کی مخدوش صورتحال، سابق وزیراعظم کی گرفتاری کے بعد سیاسی غیریقینی کی فضاء اور آئی ایم ایف پیکیج میں تاخیر سے ذرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی اڑان جاری ہے۔

غیریقینی معاشی حالات کے باعث کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر کی پرواز جاری ہے۔ ڈالر کے انٹربینک ریٹ 5 روپے 16 پیسے کے اضافے سے 290 روپے کی سطح پر آگئے۔

اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 3روپے کے اضافے سے 293روپے کی بلند ترین سطح پر آگئی۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف جون تک 3.5ارب ڈالر کے ایکسٹرنل فنانس گیپ کے خاتمے کا مطالبہ کررہا ہے جسکا انتظام نہ ہونے سے مالیاتی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں اور معاہدے میں تاخیر سے نادھندگی کے بادل منڈلارہے ہیں اور یہ عوامل روپے کی تاریخ ساز تنزلی کا باعث بن رہے ہیں۔