سٹاک مارکیٹ، اُتار چڑھاؤ کے بعد بدترین مندی، اربوں کا نقصان

ملک میں جاری غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد بدترین مندی کے باعث اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ گیا۔

حصص مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، صبح دس بجے کے قریب انڈیکس میں 100 سے زائد پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی، تاہم ملک میں جاری غیر یقینی سیاسی صورتحال نے ڈیرے ڈالے جس کے باعث مندی کی واپسی ہوئی جو کاروبار کے اختتام تک چلتی رہی۔

کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 412.49 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی، گراوٹ کے باعث 42 ہزار کی نفسیاتی حد بھی گر گئی اور انڈیکس 41829.49 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 6 کروڑ 87 لاکھ 53 ہزار 925 شیئرز کا لین دین ہوا، بدترین مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو 80 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑ گیا۔