Karachi Jinnah Terminal

کراچی ایئر پورٹ پر سوڈان سے واپس آنیوالے پاکستانیوں کیلئے احکامات

سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کے معاملے پر وزارتِ خارجہ نے کراچی ایئر پورٹ پر مسافروں کی سہولت کے لیے احکامات جاری کردیے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق یومیہ 2 پروازیں چلا کر پاکستانیوں کو سوڈان سے لایا جائے گا۔

پی آئی اے، سی اے اے، اےایس ایف، ایف آئی اے اور اوور سیز پاکستانی فاؤنڈیشن کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

کراچی ایئر پورٹ پر سوڈان سے آنے والے پاکستانیوں کی مدد کے لیے تعاون کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق سی اے اے طیاروں کی پارکنگ اور مسافروں کے لیے میڈیکل سروسز فراہم کرے گا، سی اےاے جہازوں کی ری فیولنگ کی خدمات بھی فراہم کرے گا۔

ایف آئی اے کو سوڈان سے کراچی ایئر پورٹ لائے گئے ہم وطنوں کی امیگریشن کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق اوور سیز پاکستانی فاؤنڈیشن مسافروں کے لیے ٹرانسپورٹ اور رہائش کا بندوبست کرے گی، پی آئی اے سوڈان سے آئے طیاروں کو گراؤنڈ ہینڈلنگ اور مسافروں کو کھانا فراہم کرے گا۔