Supreme Court of Pakistan

شاہ محمود کا سپریم کورٹ کو پنچایت کہنے پر ردعمل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سپریم کورٹ کو پنچایت کہنے پر ردعمل دیا ہے۔

ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سپریم کورٹ پنچایت نہیں ہے عدالت نے آئین کے مطابق فیصلہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی وزراء سپریم کورٹ کے روسٹرم پر وعدہ کر کے گئے اور اب حکومت عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرنے سے انکاری ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما نے مزید کہا کہ ان کی نیت صاف نہیں، یہ آئین شکنی کی طرف بڑھ رہے ہیں، حکومت کا ملک میں انارکی پیدا کرنے کا منصوبہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے آئین کی تشریح کے مطابق فیصلہ صادر کیا ہے، عدالت عظمیٰ نے کہا کہ سیاسی جماعتیں مل کر فیصلہ کرلیں۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ اسپیکر نے مذاکرات تو نہیں کرنے ہیں، راجا پرویز اشرف جانب داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نے وقت دیا ہوا ہے، ہم عدالت میں حاضر ہوں گے، ہم سننا چاہیں گے چیف جسٹس صاحب کیا فیصلہ کرتے ہیں، تحریک انصاف سپریم کورٹ کے فیصلے کے ساتھ کھڑی ہوگی۔