Supreme Court of Pakistan

حکومتی اتحاد اور تحریک انصاف میں 26 اپریل کو ملاقات پر اتفاق

حکومتی اتحاد اور تحریک انصاف میں 26 اپریل کو ملاقات پر اتفاق ہوگیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سینئر حکومتی رہنماؤں کا کل تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر سے رابطہ ہوا اور انہیں 26 تاریخ کو ملنے کا پیغام پہنچایا گیا۔

جس پر اسد قیصر نے جواب دیا کہ ہم اس معاملے پر اکٹھے ہیں اور 26 تاریخ کو ملتے ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عدالت کے راستے اور ہوتے ہیں، سیاسی جماعتوں نے ممکنات میں سے راستہ نکالنا ہوتا ہے، ماضی میں جب جب عدالتوں نے سیاست میں مداخلت کرکے فیصلے کیے متنازع ہوئے، یہ سیاسی قوتوں کا کام ہے یہ انہیں کرنا چاہیے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ کل دوپہر اسد قیصر سے ایاز صادق کی بات ہوئی ہے، اسد قیصر نے کہا کہ 26 تاریخ کو ملاقات کریں گے، 26 اپریل کو سیاسی جماعتوں کے قائدین ملیں گے۔

قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ شاہ محمود قریشی کو چاہیے کہ اسد قیصر سے پوچھیں، سیاسی تلخی موجود ہے، اس میں کوئی شک نہیں، خان صاحب نے محنت سے تلخی پیدا کی، ہم دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب قائل ہیں کہ ایک دن انتخابات ہونا چاہئیں، عدالت بھی یہی کہہ رہی ہے، مجھے پنجاب میں الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے، زور زبردستی سے الیکشن کروایا گیا تو ملک کیلئے خطرناک ہوگا۔

قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ مذاکرات میں اسٹیبلشمنٹ اور عدالت کو نہیں ہونا چاہیے، ہمارا اور مسلم لیگ کا ماضی تلخ تھا، لیکن اکٹھے بیٹھے۔