Dollars

انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت مزید کم ہوگئی

چین کی قرضوں کی مؤخر ادائیگیوں کی سہولت اور یو اے ای سے جلد ایک ارب ڈالر ملنے کی تصدیق کے بعد جمعہ کو بھی ڈالر بیک فٹ پر رہا۔

کرنسی مارکیٹس میں ڈالر کی قدر میں مسلسل تیسرے روز کمی ہوگئی، انٹربینک میں ڈالر39 پیسے سستا ہوکر 284.40 روپے پرآگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے سستا ہوکر289 روپے پرآگیا۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے ایک ارب ڈالر مالی امداد کی تصدیق کر دی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ یو اے ای حکام نے آئی ایم ایف کوآگاہ کردیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان متحدہ عرب امارات کے حکام سے رابطے میں ہے، ایک ارب ڈالر جمع کرانے کیلئے دستاویز کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

متحدہ عرب امارات کے بعد چین کے ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 1.3 ڈالر فنانسنگ کی منظوری دے دی۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پاکستان 1.3 ارب ڈالر کا قرض چینی بینک کو ادا کر چکا ہے، پاکستان کیلئے دوبارہ 1.3 ارب ڈالر کی سہولت کی منظوری دی ہے جس سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔