سفارت خانہ کی بحالی کیلیے ایران کا تکنیکی وفد رواں ہفتے سعودیہ جائے گا

تہران: ایران نے اعلان کیا ہے کہ رواں ہفتے ایک تکنیکی وفد سعودی عرب جائے گا اور وہاں سفارت خانہ کھولنے سے متعلق اقدامات کا جائزہ لے گا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اس بات کا اعلان ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایک پریس کانفرنس میں کرتے ہوئے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سفیروں کی تقرری پر پیش رفت جاری ہے۔

ترجمان ناصر کنعانی یمن میں جنگ بندی کے سعودی عزائم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران بھی یمن میں جنگ بندی میں توسیع اور جنگ کے خاتمے کا حامی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ سفارتی روابط کی بحالی اور جنگ کے خاتمے سے خطے میں امن بحال ہوگا اور یمن کا پائیدار سیاسی عمل خطے میں استحکام لائے گا۔

یاد رہے کہ سخت حریف ممالک سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے لیے پہلے کامیاب مذاکرات چین کی ثالثی میں 10 مارچ میں ہوئے تھے اور چند روز قبل دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے بھی چین میں ملاقات کی تھی۔