40 سال سے کم عمر کے نمازیوں کی مسجد اقصیٰ میں داخلے پر پابندی

مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر حملے اور گرفتاریوں کے بعد اسرائیلی پولیس نے 40 سال سے کم عمر افراد کو مسجد میں داخل ہونے سے روک دیا۔

العربيہ نیوز کے مطابق اسرائیلی پولیس مے مسلسل تیسری رات مسجد اقصیٰ میں داخل ہوکر نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور نمازِ فجر کی ادائیگی کے لیے آنے والے 40 سال سے کم عمر افراد کو مسجد میں داخل ہونے سے روک دیا۔

اس وقت بھی پورے بیت المقدس میں بھاری نفری تعینات ہے جو نمازیوں کو مساجد جاتے وقت شناخت کے نام ہراساں کر رہے ہیں۔ دو روز قبل مسجد اقصیٰ سے حراست میں لیے گئے 300 سے زائد نمازیوں کو بھی رہا نہیں کیا گیا۔

تین روز سے جاری اسرائیلی پولیس کی اس جارحیت اور بربریت پر امریکا سمیت عالمی رہنماؤں اور اداروں نے کڑی تنقید کرتے ہوئے اسرائیلی حکومت سے مذہبی آزادی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

سعودی عرب سمیت اسلامی ممالک نے بھی اسرائیلی پولیس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔