بھارت میں بی جے پی رہنما کا اذان کے حوالے سے توہین آمیز بیان

کرناٹک: بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق وزیر ایس کے ایشوارپا نے اذان کی آواز سُن کر توہین آمیز کلمات ادا کئے جس سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی اور مسلم آبادی میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرناٹک میں بی جے پی کے سینیئر رہنما ایس کے ایشوارپا ایک عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران اذان کا وقت ہوگیا لیکن سابق وزیر نے اپنی تقریر روکنے کے بجائے انتہائی نامناسب کلمات ادا کہے۔

بی جے پی رہنما نے مزید کہا کہ ہم مذہبی ہیں، مندروں میں لڑکیاں اور خواتین بھجن گاتیں اور عبادت کرتی ہیں لیکن ہم لاؤڈ اسپیکر استعمال نہیں کرتے۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ جلد آنے والا ہے اور آج نہیں تو کل یہ اذان ختم ہو جائے گی۔

بی جے پی کے سابق وزیر نے کہا کہ اتنی تیز آواز سے میرے سر میں درد ہوتا ہے۔ کیا اللہ کو سنائی نہیں دیتا جو لاؤڈ اسپیکر کی آواز اتنی زیادہ رکھی جاتی ہے۔