ایف آئی اے نے نجی ٹی وی کے مالک شعیب شیخ کو گرفتار کرلیا

اسلام آباد: نجی ٹی وی کے مالک شعیب شیخ کو ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا۔

نجی ٹی وی چینل کے مالک شعیب شیخ کراچی سے اسلام آباد پہنچے تو ایف آئی اے نے انہیں ایئرپورٹ سے تحویل میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق شعیب شیخ پر جج کو مبینہ رشوت دینے کا الزام ہے، اس سے قبل ایف آئی اے نے کئی بار پیشی کیلیے نجی ٹی وی کے مالک کو پیش ہونے کا حکم دیا مگر انہوں نے نوٹسسز کی پیروی نہیں کی۔

ایف آئی اے کے متعدد نوٹس کے باوجود شعیب شیخ ایف آئی اے ہیڈ کواٹر پیش نہیں ہوئے۔

دوسری جانب ایف آئی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ شعیب شیخ کو اینٹی کرپشن سرکل نے گرفتار کیا، ملزم نے جعلی ڈگری اسکینڈل- Axact کے تحت سائبر کرائم سرکل میں درج مقدمے سے بریت حاصل کرنے کے لئے رشوت دی تھی۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے مقدمے سے بریت کے لئے سابقہ ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کو 50 لاکھ روپے رشوت دی، جس پر شعیب شیخ کیخلاف اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد میں مقدمہ درج ہوا تھا، مقدمے میں سابق ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد پرویز القادر میمن بھی نامزد ہیں۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔