خالصتان تحریک، بھارتی پنجاب میں پیراملٹری فورس تعینات کرنے کا امکان

لاہور: خالصتان کے حامی امرت پال سنگھ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ بھارت کی مرکزی حکومت نے پنجاب میں پولیس کی سیکیورٹی بڑھانے سمیت پیراملٹری فورس تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری طرف امرت پال سنگھ کا کہنا ہے خالصتان کا مطالبہ سکھوں کا بنیادی حق اورمذہبی عقیدہ ہے، اگرہندتوا ریاست کی بات جرم نہیں تو پھر مسلمانوں کی طرف سے جہاد اورسکھوں کی طرف سے خالصتان کے مطالبے کو جرم کیوں بنادیا گیا ہے۔

وارث پنجاب دا کے سربراہ امرت پال سنگھ کی مقبولیت بھارتی پنجاب میں دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔ نوجوان امرت پال سنگھ بھارتی پنجاب میں نوجوانوں کو نشے کی لعنت سے بچانے اوربیروزگاری کے خاتمے کی جدوجہد کررہے ہیں اورسمجھتے ہیں سکھوں کے مسائل کا واحد حل صرف خالصتان کا قیام ہی ہے۔