PIA Plane

قومی ایئرلائن کو نئے سی ای او کیلئے 65 امیدواروں کی درخواستیں موصول

کراچی: نئے سی ای او پی آئی اے کیلئے قومی ایئرلائن کے شعبہ ہیومن ریسورسز کو 65 امیدواروں کی درخواستیں موصول ہوگئیں۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے نئے سربراہ کی تلاش جاری ہے، نئے سی ای او پی آئی اے کے لئے 65 امیدواروں کی درخواستیں پی آئی اے شعبہ ایچ آر کو موصول ہوگئی ہیں۔

پی آئی اے بورڈ کی ایچ آر کمیٹی 20 فروری کو درخواستوں کی جانچ پڑتال کرے گی جس کے بعد شارٹ لسٹ امیدواروں کے پی آئی اے بورڈ انٹرویوز کریگا۔

قومی ایئر لائن کے سی ای او کا عہدہ اپریل 2022 سے خالی ہے، ایئر وائس مارشل عامر حیات قائم مقام سی ای او کے طور پر ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔

ایئر مارشل (ریٹائرڈ) ارشد ملک تین سال کا کنٹریکٹ ختم ہونے پر سی ای او پی آئی اے کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے تھے۔