فوٹو بشکریہ ویبو
چین کی ایک ایرو اسپیس کمپنی نے نیو یارک سے لندن کا سفر ڈیڑھ گھنٹے میں طے کرنے والے ہائپر سونک طیارے کی پہلی آزمائشی پرواز مکمل کر لی۔
’لنگ کونگ تیان شنگ ٹیکنالوجی‘ کے نام سے مشہور بیجنگ میں قائم ایرو اسپیس کمپنی نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ ہمار ے یون شنگ طیارے کے پروٹو ٹائپ نے گزشتہ ہفتے کے اختتان پر پہلی آزمائش کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی ہے۔
چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس ہائپر سونک مسافر طیارے کی پہلی کمرشل پرواز 2027ء میں متوقع ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اگر اس طیارے کی کمرشل پرواز کامیاب ہو جاتی ہے تو یہ چین کا پہلا پائپر سونک مسافر طیارہ ہو گا۔
رپورٹ کے مطابق 5 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرنے والا یہ نیا ہائپر سونک مسافر طیارہ ممکنہ طور پر لندن سے نیویارک کا سفر ڈیڑھ گھنٹے میں طے کر سکتا ہے۔
یہ چینی ایرو اسپیس کمپنی دنیا کی ان متعدد کمپنیوں میں سے ایک ہے جو کمرشل ہائپر سونک طیارے بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
امریکا کی کمپنیاں وینس اور ویلونٹرا بھی ایسا ہی ایک طیارہ بنا رہی ہیں اور یہ دعویٰ کر رہی ہیں کہ ان کا طیارہ ماک 6 کی5 ہزار 795 کلو میٹر فی گھنٹہ رفتار تک پہنچ سکے گا اور ہائپر سونک سفر کو حقیقت بنا دے گا۔