Supreme Court of Pakistan

کبھی کبھی سپریم کورٹ کے 1 جملہ لکھنے سے 18، 18سال کیسز چلتے ہیں: چیف جسٹس

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے ہیں کہ کبھی کبھی سپریم کورٹ کے 1 جملہ لکھنے سے 18، 18سال کیسز چلتے رہتے ہیں۔

سپریم کورٹ میں اراضی تنازع کیس کی سماعت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی، اس دوران کیسز کو طویل عرصہ لگنے سے متعلق چیف جسٹس نے ریمارکس دیے۔

عدالت میں درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ تحریری حکم میں ہمیں متعلقہ فورم سے رجوع کی ہدایت کر دے۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ میں رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف ایک اپیل سن رہا تھا، وکیل نے استدعا کی کہ سپریم کورٹ متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت جاری کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکم میں ایسا کچھ نہیں لکھیں گے جس سے دوبارہ سول کورٹ میں کیس شروع ہو جائے۔

اس حوالے سے جسٹس شاہد بلال نے کہا کہ سپریم کورٹ کے لکھے بغیر بھی متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت جاری کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔