Palestine

اسرائیلی فوج نے 45 ہزار فلسطینوں کو زبردستی گھروں سے بے دخل کردیا

اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے جبالیہ کیمپ میں 45 ہزار سے زائد فلسطینوں کو زبردستی ان کے گھروں سے بے دخل کردیا۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ کے جبالیہ کیمپ میں اسرائیلی فوج نے آپریشن کرتے ہوئے سیکڑوں فلسطینی گرفتار کرلیے۔

اب تک 45 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو جبالیہ کیمپ میں گھروں سے زبردستی بےدخل کیا گیا، فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ تفتیش کے نام پر شہریوں کی تذلیل کی جا رہی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جبالیہ کیمپ کے مردوں کو سرد موسم میں گھنٹوں نیم برہنہ حالت میدان میں کھڑا رکھا جاتا ہے۔

غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج شمالی غزہ کے آخری فعال اسپتال پر چھاپے کے دوران سیکڑوں طبی عملے، مریضوں اور بے گھر افراد کو یرغمال بنائے ہوئے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے بتایا کہ اس کے دستے شمالی غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے کمال عدوان اسپتال کے ارد گرد کارروائی کر رہے ہیں، جہاں اس نے اس ماہ کے آغاز میں ایک بڑے حملے کا آغاز کیا تھا، جس میں سیکڑوں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور لاکھوں افراد کو نقل مکانی پر مجبور کیا گیا ہے۔