کراچی: ڈسٹرکٹ سینٹرل میں لوٹ مار کی وارداتیں اس قدر عام ہوگئی ہیں کہ اب غریب ریڑھی بان بھی لٹیروں سے محفوظ نہیں رہے۔ نیو کراچی میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے گلی سے ٹھیلا لے کر گزرنے والے کباڑیے کو بھی نہ بخشا ، واردات کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق بلال کالونی تھانے کی حدود نیو کراچی میں موٹر سائیکل سوار اسٹریٹ کرمنلز نے گلی سے ٹھیلا لیکر گزرنے والے کباڑیے کو بھی نہ بخشا اور اسلحے کے زور پر اس سے نقدی لوٹ لی، اس واردات کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
وائرل فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلال کالونی تھانے کی حدود نیو کراچی میں ایک گلی سے کباڑیہ ٹھیلا لے کر گزر رہا ہے کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار 2 اسٹریٹ کرمنلز آتے ہیں۔
موٹرسائیکل پر عقب میں بیٹھا ہوا ڈاکو کباڑیے سے نقدی طلب کرتا ہے جس پر وہ اپنے کرتے کی جیب سے نقدی نکال کر اسے تھما دیتا ہے جس کے بعد ڈاکو کباڑیے کو اسلحہ دکھا کر موقع سے فرار ہو جاتے ہیں۔
لوٹ مار کی یہ واردات 25 جولائی کی صبح ساڑھے 11 بجے کے قریب پیش آئی تھی، تاہم پولیس اب تک واردات میں ملوث ڈاکوؤں کو گرفتار نہیں کرسکی۔

