کوئٹہ میں رکشے پر فائرنگ سے دو خواتین جاں بحق جبکہ رکشہ ڈرائیور زخمی ہوگیا ۔
پولیس کے مطابق واقعہ سیٹلائیٹ ٹاون کے علاقے منی مارکیٹ کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم موٹرسائیکل سوار نے رکشے پر اندھا دھند فائرنگ کردی ۔ جس سے رکشے میں سوار دو خواتین موقع پر جاں بحق جبکہ رکشہ ڈرائیو زخمی ہوگیا ۔
ایس ایچ او سیٹلائیٹ ٹاون تھانہ عاشق خٹک نے سماء سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ رکشہ ڈرائیور خواتین کو لے کر سمنگلی روڈ کی جانب جارہا تھا کہ نامعلوم موٹرسائیکل سوار نے سیٹلائیٹ ٹاون سائبان اسپتال کے قریب رکشہ روک کر فائرنگ کردی اور فرار ہوگیا ۔
زخمی رکشہ ڈرائیور کی شناخت امیر حمزہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ مقتولین کی شناخت تاحال نہ ہوسکی ہے۔ رکشہ ڈرائیور کو جسم کے مختلف حصوں میں تین گولیاں لگی ہیں تاہم حالت خطرے سے باہر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مقتولین کے ورثاء سے تاحال رابطہ نہیں ہوسکا ہے ۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔

