اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کو بجلی کے نئے کنکشن کے حوالے سے اہداف دے دیے ہیں، بجلی کمپنیاں ایک سال میں 14 لاکھ 3 ہزار 592 نئےکنکشن فراہم کریں گی۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال میں فیسکو ( فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ) کی حدود میں 2 لاکھ 27 ہزار 340 نئے بجلی کنکشن دیے جائیں گے۔
گیپکو ( گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی ) ایک سال کےد وران 2 لاکھ نئے بجلی کے کنکشن فراہم کرے گی۔
ایک سال میں حیسکو ( حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ) کی حدود میں 23 ہزار 41 نئے بجلی کنکشنز فراہم کیے جائیں گے۔
اس عرصے میں آئیسکو ( اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ) ایک لاکھ 94 ہزار اور میپکو ( ملتان الیکٹرک پاور کمپنی ) 3 لاکھ 96 ہزار نئے بجلی کنکشن فراہم کریں گی۔
دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال کے دوران کیسکو( کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی ) 14 ہزار سیپکو ( سکھر الیکٹرک پاور کمپنی) 18ہزار 591 نئے بجلی کنکشن فراہم کریں گی۔
اسی طرح ٹیسکو ( ٹرائبل ایریاز الیکٹرک سپلائی کمپنی ) 355 اور لیسکو ( لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی) اپنے صارفین میں 3 لاکھ 30ہزار256 کا اضافہ کریں گی۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق ایک سال میں 6 ہزار 985 دیہات کو بجلی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

