سمندری طوفان؛ لہروں نے کراچی کے ساحلی پشتوں کو عبور کرلیا

کراچی: سمندری طوفان بپر جوائے کے اثرات کراچی میں سی ویو پر نمودار ہونے لگے، دن کے وقت لہروں نے حفاظتی پشتے کو عبور کرنا شروع کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق عام حالات کے دوران پانی حفاظتی پشتے سے کئی فٹ دور رہتا ہے، طوفان کے قریب آنے کے بعد لہروں کی بلندی مزید بڑھ سکتی ہے۔

دوسری جانب، محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان کے حوالے سے 19واں الرٹ جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سمندری طوفان بپر جوائے نے رخ تبدیل کرلیا ہے۔

شدید نوعیت کے سمندری طوفان کی شمال/شمال مشرق کی جانب پیش قدمی جاری رہے جبکہ سمندری طوفان کا 6 گھنٹے کے دوران شمال مغرب کی سمت میں سفر جاری رہا۔

طوفان کراچی کے جنوب مشرق میں 340کلو میٹر اور ٹھٹھہ کے جنوب سے طوفان 355 کلومیٹر دور ہے جبکہ طوفان کیٹی بندر سے 275 کلومیٹر کے فاصلے پر رہ گیا ہے۔ طوفان کے مرکز میں ہوائیں 180کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ طوفان کے مرکز اور اطراف میں 30 فٹ بلند لہریں اٹھ رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 15جون کی دوپہر سے شام کے درمیان کیٹی بندر اور بھارتی ریاست گجرات سے ٹکرائے گا۔