راچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں معمولی بات پر جھگڑے کے نتیجے میں 18 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
پولیس نے واقعے میں ملوث سب انسپکٹر کے بیٹے سمیت 7 لڑکوں کو گرفتار کر لیا۔
نارتھ ناظم آباد بلاک J میں 7 روز قبل ہوئے جھگڑے اور شہری کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 7 سے 8 لڑکوں نے 2 نوجوانوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جھگڑے کے دوران وزنی چیز سر پر لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد تمام ملزمان جائے وقوع سے فرار ہو گئے تھے، واقعے میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان میں ایک سب انسپکٹر کا بیٹا بھی شامل ہے، نوجوان کے قتل کا مقدمہ نارتھ ناظم آبادتھانے میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ مقتول کی میت خانیوال میں تدفین کے لیے بھجوا دی گئی تھی۔

