Arshad Sharif Body

ارشد شریف قتل میں کینیا سے کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا

اسلام آباد: ارشد شریف قتل کیس کی جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ کے سامنے بیان دیا ہے کہ کینیا نے ہم سے تعاون نہیں کیا، قتل کیس میں ہمیں کوئی ٹھوس ثبوت نہیں مل سکا جس پر عدالت برہم ہوگئی۔

سپریم کورٹ میں ارشد شریف قتل کیس کے ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی جس میں جے آئی ٹی کے سربراہ اویس احمد نے دوسری پیش رفت رپورٹ جمع کروا دی۔ سپریم کورٹ کی جانب سے سربراہ جے آئی ٹی کی سرزنش کی گئی۔

جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ جو کام آپ کے ذمہ لگایا تھا وہ ہوا یا نہیں؟ کینیا سے قتل کے متعلق کوئی مواد ملا ہے یا نہیں؟ سربراہ جے آئی ٹی نے کہا کہ کینیا میں حکام سے ملاقاتیں کیں۔

جسٹس مظاہر نے کہا کہ کہانیاں نہ سنائیں، آپ کو شاید بات سمجھ نہیں آرہی اس پر سربراہ جے آئی ٹی نے کہا کہ کینیا نے شواہد تک رسائی نہیں دی۔ جسٹس مظاہر نے کہا کہ شواہد کی بات تو ٹرائل میں سامنے آئے گی مواد کیا جمع کیا؟ اس پر سربراہ نے انکشاف کیا کہ ارشد شریف قتل کے حوالے سے کینیا سے کوئی ٹھوس مواد نہیں ملا۔