راولپنڈی، فلور ملز کا مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان

راولپنڈی: پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن راولپنڈی ریجن نے مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے 5 نکاتی مطالبات پیش کیے گئے ہیں جس کے تحت فلور ملز کی انسپکشن محکمانہ ایس او پیز کے مطابق کی جائے جبکہ سرکاری آٹے کے ٹرکنگ اسٹیشن ختم اور دکان پر فروخت کی اجازت دی جائے۔

مطالبہ کیا گیا ہے کہ پالیسی کے مطابق گندم کی مصنوعات لوکل 25 فیصد اور 75 فیصد ترسیل کے لیے پرمٹ جاری کیے جائیں۔

اسکے علاوہ، آٹے کو Essential commodity (ضروری اشیاء) کی کیٹگیری سے نکالا جائے اور پنجاب بھر سے گندم کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہونی چاہیے۔

دوسری جانب، محکمہ فوڈ نے بھی ہڑتال میں ملوث ملز کے خلاف 3 ایم پی او کے تحت کارروائیاں کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ راولپنڈی محکمہ فوڈ اور فلور ملز کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے آٹے بحران کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

سیکریٹری فوڈ پنجاب زمان وٹو کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں آٹے کی سپلائی بلا تعطل جاری ہے جبکہ آٹا وافر مقدار میں ٹرکنگ پوائنٹس اور دکانوں پر موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتوار کو آٹے کا اضافی کوٹا فراہم کیا گیا تھا جس کی وجہ سے آٹا سرپلس ہو گیا تھا، صوبے کی فلور ملز کی بھاری اکثریت کل کے کوٹے کے لیے چالان جمع کروا رہی ہیں۔

سیکریٹری فوڈ پنجاب کا کہنا تھا کہ سرکاری گندم غبن کرنے والی ملز کے لیے کوئی رعایت نہیں لہٰذا فلور ملز ایسوسی ایشن ہڑتال کی کال واپس لے اور عوام دشمنی سے باز آ جائے۔ ہڑتال کی کال غریب عوام کو بھوکا مارنے کی سازش تھی جو ناکام ہو چکی ہے۔