وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ حکومتیں کسی اور نے گرائیں ہمیں استعمال کیا گیا، نکال دیا جائے تو اور بات ہے استعفی کسی صورت نہیں دوں گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا ہے کہ صوبے میں شفاف بلدیاتی الیکشن ہوئے، کسی نے حکومت مشینری کے استعمال کا الزام نہیں لگایا، وزیراعلیٰ بناکر مجھے امتحان کی کرسی پر بٹھایا گیا، کامیابی پر آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کا شکریہ ادا کرنے جاؤں گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومتیں کسی اور نے گرائیں ہمیں استعمال کیا گیا، نکال دیں تو، استعفی دوں گا نہ ہی حکومت گراؤں گا، شاید آئندہ الیکشن بھی نہ لڑوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معاشی حالات دیکھ کر نہیں لگتا کہ الیکشن ہوں گے، ناکامیوں کا سہرا ہمیشہ سیاستدانوں کے سر باندھا جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ ریکوڈک جیسے اور بھی منصوبے آئیں گے، سینڈک منصوبے میں بلوچستان کا 2 نہیں 6 فیصد شیئر ہے، وفاقی حکومت 600 سے 700 ارب روپے بلوچستان پر خرچ کررہی ہے۔