Accident

گلگت میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 12 افراد جاں بحق

گلگت سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس شتیال کے قریب گہری کھائی میں گرنے سے 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔

گلگت سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس شتیال کے قریب چھوٹی گاڑی سے ٹکرانے کے بعد کھائی میں گر گئی۔

حادثے کے بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا، جہاں 12 مسافروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔

وقوعہ کے بعد ریسکیو حکام بھی جائے وقوعہ پہنچے تاہم اندھیرا ہونے کی وجہ سے امدادی کام شروع نہ کرسکے اور انہوں نے صبح ریسکیو کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری کے باعث بس کو حادثہ پیش آیا کیونکہ چھوٹی گاڑی سے ٹکرانے کے بعد بس ڈرائیور اسٹیرنگ پر قابو نہ رکھ سکا اور مسافر بس سیدھی کھائی میں گر گئی۔