PMLN

5 کے ٹولے نے سانپ پالا اب یہی انہیں ڈس رہا ہے، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر اور چیف آگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام کی مشکلات کو دیکھ کر ہمیں بہت دکھ ہے۔

ملتان میں مسلم لیگ ن کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ ملک میں روٹی، بجلی اور گیس سمیت تمام چیزیں مہنگی ہیں، عوام کی مشکلات کو دیکھ کر ہمیں بہت دکھ ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو پتہ ہے کہ یہ مہنگائی کس کی لائی ہوئی ہے، گھڑی چور نے نہ صرف گھڑی چوری کی بلکہ پاکستان کو ہرجگہ نقصان پہنچایا، اس گھڑی چورکو نہیں چھوڑیں گے۔

ماضی کی کارکردگی کا ھوالہ دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جب جب نوازشریف کی حکومت آئی، ملک میں ترقی آئی ، نواز شریف نےعوام کو ہر چیز میں ریلیف دیا، مشکلات ضرور ہیں لیکن ہم ان مشکلات سے ضرور باہر نکلیں گے، جس طرح پہلے نواز شریف نے ملک کو مشکل سے نکالا اس بار بھی نکالیں گے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 2گھنٹوں کی گرفتاری میں یہ بلک بلک کر رو رہے ہیں، ان کی روتی شکلیں دیکھ کر مجھے نوازشریف پر فخر ہوتاہے، ہم نے کئی ماہ جیل گزاری مگر ان کی طرح روئے نہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سیاستدان روتا نہیں بلکہ ڈٹ کر مقابلہ کرتاہے اور جیتتا ہے، سیاستدانوں کا دل اور جگر بڑا ہوتا ہے، یہ سیاستدان ہوں تو ان کو پتا ہو، یہ لوگ فیض کی بے ساکھیوں پر سیاست کرتے رہے، یہ لوگ پہلی بار بے فیض ہوئے ہیں۔

ن لیگ کی رہنما کا کہنا تھا کہ جنرل (ریٹائرڈ) قمر جاوید باجوہ نے اعتراف کیا کہ عمران خان جیسا بلنڈر ہم سے ہوا، بلنڈر کا اعتراف کافی نہیں یہ جو داغ سیاست پر لگایا ہے اس کو دھونا پڑےگا، یہ بلنڈر نہں تھا، یہ سانپ تھا جو 5 کے ٹولے نے پالا ہے، اب یہی سانپ انہیں ڈس رہا ہے، اپنےگھر کی معیشت ٹھیک کرلی لیکن پاکستان کی معیشت تباہ کردی۔

عمران خان کی جانب سے جیل بھرو تحریک کے اعلان پر مریم نواز نے کہا کہ 4سال جیلوں میں ڈالنے والا کہتا ہے آؤ جیلیں بھرو، جیل بھرو تحریک شروع کرنی ہے تو پہلے اپنی ضمانتیں منسوخ کراؤ، گرفتاری کے ڈر سے کارکنوں اور خواتین کو بلاکر زمان پارک میں کھڑا کیا ہوا ہے۔