یوکرینی صدر کا روس پر روزانہ ایک ہزار ڈرون برسانے کا حکم

یوکرین کے صدر وولودی میر زیلنسکی نے اپنی فوج کو روس کے خلاف طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرون حملوں میں نمایاں اضافہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے روزانہ کم از کم ایک ہزار ڈرون حملوں کا ہدف مقرر کردیا۔

صدر زیلنسکی نے جمعہ کی شام اپنے خطاب میں کہا کہ یوکرینی فوج روس پر روزانہ ایک ہزار ڈرون حملے کرنے کی صلاحیت حاصل کرے۔ یہ تعداد موجودہ اندازوں کے مطابق روزانہ تقریباً 300 ڈرون حملوں کے مقابلے میں تین گنا سے بھی زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس کے خلاف طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرون حملوں میں مزید تیزی لائی جائے اور مقررہ ہدف ہر صورت حاصل کیا جائے۔

دوسری جانب زیلنسکی نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں امریکی انٹیلی جنس سربراہ کے ماسکو کے حالیہ دورے اور روسی حکام سے ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کیف کو ان ملاقاتوں سے متعلق امریکی حکام کی جانب سے معلومات فراہم کی گئی ہیں، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

ادھر روسی صدارتی محل کریملن نے تصدیق کی ہے کہ امریکی انٹیلی جنس سربراہ نے ماسکو میں روسی انٹیلی جنس حکام سے ملاقات کی، تاہم روسی حکام کے مطابق امریکی وفد کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔