کراچی: دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی بحال ہونے کے بعد شہر کے متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی بھی دوبارہ شروع کر دی گئی ہے، جس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق جمعہ کی رات دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے تھرڈ فیز میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا تھا، جسے کے الیکٹرک نے کیبل فالٹ قرار دیا۔ بجلی کی بندش کے باعث کراچی کو 52 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔
ترجمان کے مطابق لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، ڈیفنس، ڈی ایچ اے، قیوم آباد اور کارساز سمیت متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی تھی۔ تاہم بجلی بحال ہونے کے بعد متاثرہ علاقوں کو پانی کی سپلائی بھی بحال کر دی گئی ہے۔
واٹر کارپوریشن نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پانی کی فراہمی کا نظام معمول پر لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں جلد مکمل سپلائی بحال ہو جائے گی۔

