ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے درمیان سخت بیانات کا تبادلہ سامنے آیا ہے، جس نے دونوں ممالک کے درمیان جاری سفارتی کشیدگی کو مزید نمایاں کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا کہ “اسرائیل ترکیہ سے نہیں ڈرتا، ہم نے کئی سلطنتوں کے عروج و زوال دیکھے ہیں، لیکن ہم آج بھی قائم ہیں۔”
اس پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا، “کون سی سلطنتوں کی بات کر رہے ہو؟ تمہارا ملک تو عمر میں میرے بھائی سے بھی چھوٹا ہے۔” اردوان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے زیرِ بحث آگیا۔
رپورٹس کے مطابق اردوان کے بڑے بھائی محمد اردوان 1928 میں جبکہ دوسرے بھائی حسن اردوان 1929 میں پیدا ہوئے تھے، جبکہ اسرائیل کا قیام 1948 میں عمل میں آیا تھا، جس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ترک صدر نے یہ طنزیہ جواب دیا۔
ترکیہ اور اسرائیل کے تعلقات گزشتہ چند برسوں سے غزہ جنگ، شام اور مشرق وسطیٰ کی علاقائی صورتحال کے باعث مسلسل کشیدہ ہیں، اور دونوں ممالک کی قیادت ایک دوسرے پر سخت تنقید کرتی رہی ہے۔

