واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ڈیل کرنے کے لیے بے تاب ہے، ایران کے ساتھ ڈیل نہیں ہوئی تو امریکا دوبارہ حملہ کرسکتا ہے، ایران میں لوگوں کی حالت انتہائی خراب ہے اور وہ ڈیل چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے معاملے پر میرے اور نیتن یاہو کے درمیان اتفاق ہے، نیتن یاہو کو جو کہوں گا وہ وہی کریں گے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق بدھ کو واشنگٹن ڈی سی کے قریب واقع جوائنٹ بیس اینڈریوز پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے جاری مذاکرات اور ممکنہ معاہدے پر بات کی۔
ایک سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ کہا کہ اگرچہ ایران سے ڈیل میں وقت لگ رہا ہے، ہم ایران کو ایک موقع دینے جا رہے ہیں اور مجھے کوئی جلدی نہیں ہے، ایران ڈیل کرنے کے لیے بے تاب ہے، ایران کے ساتھ ڈیل نہیں ہوئی تو امریکا دوبارہ حملہ کرسکتا ہے۔
امریکی صدر نے گفتگو کے دوران مختلف امریکی جنگوں بشمول افغانستان اور ویتنام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ویتنام، افغانستان، عراق اور دیگر ملکوں میں کئی کئی سال تک جنگیں لڑیں۔ ایران جنگ کو ابھی تین ہی ماہ ہوئے ہیں، اس میں بھی زیادہ وقت سیز فائر کا ہے، افغانستان میں 10 سال اور کوریا میں 7 سال جنگ کی۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے لوگوں میں بہت غصہ پایا جاتا ہے، وہاں لوگ بری طرح سے رہ رہے ہیں، ہم نے ایران کو بری طرح سے شکست دی ہے، ایران جنگ میں ہم نے صرف 13 جانیں گنوائیں، دیگر جنگوں میں ہم نے لاکھوں جانیں گنوائیں جب کہ وینزویلا آپریشن میں ہمارا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

