پرانی پینٹ کی جیب سے ملنے والے لاٹری ٹکٹ نے امریکی شہری کو راتوں رات ارب پتی بنا دیا

نیو جرسی (امریکا) میں ایک شخص کی قسمت اس وقت یکدم بدل گئی جب اسے اپنی پرانی پینٹ کی جیب سے 5.9 ملین ڈالر (تقریباً 1 ارب 640 کروڑ پاکستانی روپے) مالیت کا لاٹری ٹکٹ مل گیا، جسے وہ تقریباً ایک سال سے بھول چکا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ ٹکٹ مئی 2025 میں ایک پٹرول پمپ سے خریدا گیا تھا، جہاں یہ شخص اکثر جاتا تھا۔ ٹکٹ خریدنے کے بعد وہ اسے کہیں رکھ کر بھول گیا اور وقت گزرتا رہا۔

لاٹری حکام کے مطابق قوانین کے تحت جیتنے والے کے پاس انعام حاصل کرنے کے لیے ایک سال کا وقت ہوتا ہے۔ جب مقررہ مدت ختم ہونے میں صرف چند دن باقی رہ گئے تھے تو لاٹری ڈیپارٹمنٹ نے اعلان کیا کہ ایک جیتنے والا ٹکٹ ابھی تک کلیم نہیں کیا گیا۔

یہ اعلان سامنے آنے کے بعد متعلقہ شخص کو یاد آیا کہ اس نے اسی پٹرول پمپ سے لاٹری ٹکٹ خریدا تھا۔ اس نے فوری طور پر پمپ کا دورہ کیا اور معلومات حاصل کیں، مگر اصل ٹکٹ کا کوئی سراغ نہ ملا۔

بعد ازاں اس نے گھر میں مکمل تلاش شروع کی اور درازوں، الماریوں اور پرانے کپڑوں کی چھان بین کی۔ بالآخر جب اس نے اپنی ایک پرانی پینٹ کی جیب چیک کی تو وہاں سے مڑا تڑا لاٹری ٹکٹ برآمد ہوا۔

جب اس نے ٹکٹ کے نمبرات کو سرکاری نتائج سے ملایا تو وہ حیرت زدہ رہ گیا کہ وہی اصل فاتح ہے۔ اس کے بعد وہ فوراً لاٹری دفتر پہنچا اور آخری تاریخ سے صرف آٹھ دن پہلے اپنا انعام وصول کر لیا۔

لاٹری حکام نے اس واقعے کے بعد شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے پرانے ٹکٹ اور دستاویزات باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں، کیونکہ بعض اوقات غفلت کی وجہ سے لوگ کروڑوں کے انعامات سے محروم ہو جاتے ہیں۔