اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے این ایف سی ایوارڈ کے تحت ان صوبوں کے لیے مراعات متعارف کرانے کی تجویز پیش کی ہے جو آبادی میں اضافے کو کامیابی سے کنٹرول کریں گے۔
اسلام آباد میں قومی اور صوبائی آبادی کے تخمینے 2023-2050 ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ آبادی میں بے ہنگم اضافہ پائیدار ترقی،معاشی پیشرفت اور قومی وسائل کے موثر استعمال کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
احسن اقبال نے خبردار کیا کہ اگر آبادی میں اضافے کی موجودہ شرح برقرار رہی تو2050 ء تک پاکستان کی آبادی 370 سے 400 ملین تک پہنچ سکتی ہے جس سے صحت، تعلیم، روزگار، پانی، خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات پر شدید دبائو پڑے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی پائیدار ترقی اور معاشی استحکام کے لیے متوازن آبادی کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔ دوران گفتگو احسن اقبال نے این ایف سی ایوارڈ کے تحت ان صوبوں کے لیے مراعات متعارف کرانے کی تجویز پیش کی جو آبادی میں اضافے کو کامیابی سے کنٹرول کریں گے۔

