ایران کی پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) نے آبنائے ہرمز میں امریکی فوجی موجودگی کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز پر اس کا مکمل کنٹرول موجود ہے اور ضرورت پڑنے پر یہ آبی گزرگاہ امریکی افواج کے لیے “قبرستان” بن سکتی ہے، کسی بھی آئل ٹینکر کو اجازت کے بغیر گزرنے نہیں دیا جائے گا۔
پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے اعلیٰ عہدیدار سعید سارانی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کو خطے کی صورت حال پر مکمل کنٹرول حاصل ہے اور اگر اعلیٰ سطح سے حکم جاری کیا گیا تو ایک لیٹر تیل بھی اجازت کے بغیر گزرنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز میں ایران نے اسمارٹ ناکہ بندی نافذ کر رکھی ہے تاہم مکمل بحری جنگ ابھی شروع نہیں ہوئی۔
سعید سارانی کے مطابق امریکی اور اتحادی افواج کی کسی بھی ممکنہ کارروائی کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت موجود ہے اور خطے میں ایرانی فوجی موجودگی مؤثر انداز میں فعال ہے۔

